سعودی وزیر دفاع کی سابق یمنی صدر کے اہل خانہ سے تعزیت
سابق صدر عبد ربہ منصور ھادی کی دانشمندانہ قیادت کو سراہا،( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سنیچر کو سعودی قیادت کی جانب سے یمن کے سابق صدر عبد ربہ منصور ھادی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے ریاض میں سابق یمنی صدر کے اہل خانہ سے ایک ملاقات میں یمنی حکومت، اس کی قیادت اور عوام سے بھی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے سابق صدر عبد ربہ منصور ھادی کی دانشمندانہ قیادت کو سراہا، سیاسی کیریئر کے دوران یمن کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے حوالے سے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس امور ہشام بن عبدالعزیز بن سیف اور یمن میں سعودی سفیر محمد بن سعید الجابر بھی موجود تھے۔
یاد رہے سابق یمنی صدر جمعرات کو ریاض میں 80 برس کی عمر میں خرابی صحت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
انہوں نے 2012 سے 2022 تک یمن کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، ملک میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے اختیارات صدراتی قیادت کونسل کو منتقل کیے۔
