Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہترین انتظامات‘ حج 2026 میں شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا: سردار یوسف

پاکستان نے مسلسل دوسرے سال ’لبیتم ایکسی لنس ایوارڈ‘ حاصل کیا۔( فوٹو: پاکستان حج مشن)
پاکستان کے وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہا ہے کہ ’حج 2026 کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا، یہ کامیابی حکومت پا کستان، وزارت مذہبی امور، پاکستان حج مشن اور سعودی حکام کے مثالی تعاون کا نتیجہ ہے۔‘
حج فورم میں پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سراہا گیا، پاکستان نے مسلسل دوسرے سال ’لبیتم ایکسی لنس ایوارڈ‘ حاصل کیا۔ ایک لاکھ 80 ہزار عازمین کوٹے کے ساتھ پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، اس سال پرائیویٹ سیکٹر کو بھی بہترین کارکردگی پر تین ایوارڈز ملے۔
وفاقی وزیرمذہبی امور نے کہا کہ ’رہائش، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے بہترین انتظامات کے باعث اس سال شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا۔‘
اتوار کو پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں پوسٹ حج پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا’ اس سال روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کا دائرہ کار لاہور تک بڑھانے سے حج 2026 میں 80 فیصد عازمینِ حج نے فائدہ اٹھایا۔‘
 وفاقی وزیر نے حج میڈیکل مشن اور سعودی جرمن ہسپتال کے تعاون کو سراہا، جنہوں نے خصوصی انتظامات کے تحت 146 بیمار اور معمر حجاج کو وقوفِ عرفات اور طوافِ زیارت سمیت دیگر مناسک آسانی سے کراونے میں مدد کی۔
وفاقی وزیر نے بتایا ’سعودی وزارتِ حج نے حج2027 کی پالیسی اور ٹائم لائنز کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے سیزن کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔‘
سعودی ڈیڈ لائن کے مطابق حج پالیسی 2027  جون میں وفاقی کابینہ میں پیش کر دی جائے گی، جس میں درخواستوں کی وصولی، پیکیج اور طریقہ کار طے ہوگا۔
آئندہ سال بھی ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘ کی پالیسی لاگو رہے گی۔ امکان ہے  آئندہ دو ماہ کے اندر حج 2027 کی بکنگ مکمل کر لی جائے گی، خواہشمند افراد ابھی سے اپنے پاسپورٹ بنوا لیں۔ ہم مشاعر مقدسہ میں بکنگ بروقت مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے فیک نیوز اور مس انفارمیشن کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ’ حج 2026 میں بھی زمینی حقائق کے برعکس سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے کی کوشش کی گئی، تاہم مین سٹریم میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے حقائق عوام کے سامنے رکھے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’حج سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پوائنٹ سکورنگ یا سیاست نہیں ہونی چاہیے کیونکہ سب خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں۔‘
ایک سوال پر انہوں نے کہا ’حج 2026 کے مشاہدات اور تجربات کی روشنی میں 2027 کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس سال مدینہ سے مکہ ٹرین کے ذریعے سفر کا پائلٹ پراجیکٹ شروع نہیں ہو سکا تھا، تاہم حج 2027 کے لیے اس پر مزید کام کیا جائے گا۔‘
سردا یوسف کا کہنا تھا’ آئندہ حج سیزن میں بھی مسجد نبوی کے نزدیک ترین رہائشیں یقینی بنائی جائیں گی اور پرائیویٹ سیکٹر کو مزید فعال کیا جائے گا۔‘
 آئندہ سال عازمین کی میڈیکل فٹنس اور سکریننگ پر زیادہ توجہ دی جائے گی تاکہ صرف صحت مند عازمین کو ہی حج پر لایا جا سکے۔
اس کے علاوہ عازمین کی رہنمائی کے لیے گروپ ناظمین کا انتخاب بروقت کر کے انہیں تربیت کے مرحلے سے مصروف رکھا جائے گا تاکہ وہ امورِ حج کو بہتر سمجھ سکیں۔ عازمینِ حج کی تربیت کا دائرہ کار حاجی کیمپوں سے بڑھا کر ڈویژن کی سطح تک لے جایا جائے گا۔

 

شیئر: