سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و فلاح کی ٹیموں نے جمہوریہ سوڈان کے صوبے النیل الابیض میں ’مدد‘ انیشیٹیو کے تحت 900 کارٹن تقسیم کیے جن سے مستفیض ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 935 رہی۔
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے بھیجے جانے والا نیا امدادی قافلہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلح پہنچ گیا، جس میں خیمے اور غذائی اشیا شامل ہیں۔
یہ امدادی سامان موسمِ سرما کی آمد کے پیش نظر پہنچایا گیا ہے، جب بارشوں اور خراب موسمی حالات کے باعث خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے والے لاکھوں بے گھر افراد کو مزید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
یمن میں 13 مقامات پر پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے انتظامات کیے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
امدادی سامان غزہ میں شاہ سلمان مرکز کے شریک ادارے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ نے وصول کیا، جسے انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہ امداد غزہ کے مختلف علاقوں میں جاری روزانہ انسانی امدادی پروگرام کا حصہ ہے۔
مرکز کی جانب سے جمہوریہ یمن کے کمشنری ’لحج‘ میں پناہ گزینوں کے لیے 100 خیمے اور 100 امدادی سامان کے کارٹن ارسال کیے گئے جن ںے 600 افراد مستفیض ہوئے۔
متاثرین کے لیے خیمے اور ضروری اشیا فراہم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
یمن کی کمشنری تعز میں مرکز کی جانب سے پناہ گزینوں کے لیے پینے کے صاف پانی کا بڑے پیمانے پر بندوبست کیا گیا۔ اس ضمن میں پانی حاصل کرنے کےلیے 13 مقامات پر بڑے ٹینک بنائے گئے ہیں جہاں پینے کا صاف پانی باقاعدگی سے پہنچایا جاتا ہے۔ واٹر ٹینکوں سے 571 خاندان مستفیض ہوتے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز کے زیر انتظام غزہ پٹی کے وسطی اور جنوبی جانب قائم مرکزی کچن کے ذریعے 25 ہزار افراد کے لیے گرم کھانے کا اہتمام کیا گیا۔