کیا ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں ٹریفک قوانین کی شرائط کی پابند ہیں؟
کیا ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں ٹریفک قوانین کی شرائط کی پابند ہیں؟
جمعہ 12 جون 2026 18:44
بغیر ڈرائیور چلنے والی گاڑی کا مالک خلاف ورزی ذمہ دار ہو گا (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
جنرل ڈائریکٹریٹ آف ٹریفک پولیس نے ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے حوالے سے ضوابط میں ترمیم کا اعلان کر دیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارتِ داخلہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کی جانب سے مملکت میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے لیے ٹریفک ضوابط میں کی جانے والی ترمیم کو جاری کیا ہے جس کا مقصد نقل و حمل کے امور کو منظم کرنا اور مقررہ قانون پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا تھا کہ ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوتی ہیں جن میں انتہائی جدید اور حساس سینسرز اور کیمرے نصب ہوتے ہیں جس میں سیفٹی فیچرز کا بھرپور استعمال کیا جاتا ہے۔
مذکورہ گاڑیوں میں جو سسٹم متعارف کرایا گیا ہے وہ انتہائی جدید اور حساس ہے جو گاڑی کے کنٹرول یونٹ کو اطراف کے حوالے سے مسلسل کمانڈ جاری کرتا ہے جس کے باعث وہ انسانی مداخلت کے بغیر اپنے روٹ پر چلائی جاسکتی ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ ’کیا ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں ٹریفک قوانین کی شرائط کی پابند ہوں گی‘؟ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ’روڈ سیفٹی ضوابط کا اطلاق تمام گاڑیوں پر ہوتا ہے. اسی طرح ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں پر بھی ضوابط لاگو ہوں گے۔‘
ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں مصنوعی ذہانت سے لیس ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑی کے مالک پر قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تاہم اگر ڈرائیونگ سیٹ پر انسان موجود ہو اور خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے۔ اس صورت میں چالان اس ڈرائیور کا ہو گا جو اسے چلا رہا ہو گا۔
واضح رہے ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے سسٹم میں ڈرائیونگ ضوابط فیڈ کیے جاتے ہیں جس کے تحت گاڑی کا آٹو آپریٹنگ سسٹم از خود اپنے اطراف کا جائزہ لیتا ہے اور مقررہ ضوابط کے مطابق گاڑی کو کمانڈ ارسال کی جاتی ہے۔