Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 نجران یونیورسٹی کا کارنامہ، سریے کے بغیر کنکریٹ پل کا نظام ایجاد

تعمیری اوردیکھ بھال کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ہو گی(فوٹو، ایکس)
نجران یونیورسٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شعبہ تعمیرات اور سول انجینیئرنگ کے ماہرین نے پلوں کی تیاری کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔
یونیورسٹی کے ماہرین نے پلوں کے لیے درکار کنکریٹ کو اس انداز میں تیار کیا  کہ اس میں آہنی سریے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔
 اس نظام کی تیاری کے لیے کنکریٹ کو اس انداز سے استعمال کیا جاتا ہے کہ وہ دباو اور قوت کا مقابلہ کرسکتا ہے، جبکہ اس کےلیے روایتی طورپر استعمال ہونے والا آہنی سریہ  بھی درکار نہیں ہوتا ۔
یونیورسٹی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایجاد انجینیئرنگ اور معاشی اعتبار سے موثر حل فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے کنکریٹ کے ڈھانچے تیار کیے جاسکتے ہیں جو آہنی سریے کے زنگ لگنے اور پرانے ہونے کے مسائل سے بھی محفوظ ہوتے ہیں۔
علاوہ ازیں تعمیراوربعدازاں دیکھ بھال کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو گی، مذکورہ ایجاد سخت موسمی حالات اور دھاتی اجزا پرمنفی اثرات مرتب کرنے والے ماحول میں قائم کی جانے والی تعمیرات کے لیے بہترین ثابت ہوگی۔
یونیورسٹی کی نائب صدر برائے اعلی تعلیم و سائنسی تحقیق ڈاکٹر ھدی الیامی کا کہنا ہے کہ یہ پیٹنٹ یونیورسٹی کے اختراعی اور تحقیقی نظام میں ایک معیاری اضافہ اور اس بات کا ثبوت ہے کہ یونیورسٹی کے ماہرین ترقیاتی و صنعتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید انجینیئرنگ حل پیش کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
حاصل ہونے والی کامیابی نجران یونیورسٹی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد تحقیق اور ایجاد کے میدان میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم بنانا اور ایسے سائنسی حل تیار کرنا ہے جو پائیدار ترقی کے فروغ اور انجینیئرنگ و تکنیکی شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

شیئر: