شہزادہ فیصل بن فرحان سے منامہ میں قطر اور عمان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات
امریکہ اور ایران کے معاہدے اور خطے کی صورتحال پر بات کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جمعرات کو منامہ میں قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور عمانی ہم منصب بدر بن حمد بن حمود البو سعیدی نے ملاقات کی۔
جی سی سی، امریکہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں سعودی اور قطری وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا۔
ایس پی اے کے مطابق حالیہ علاقائی صورتحال، سلامتی اور استحکام کے فروغ کی کوششوں پر بات کی گئی۔
امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے حوالے سے حالیہ ڈیولپمنٹ، خطے کی سلامتی اور استحکام پر اس کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی اور عمانی وزرائے خارجہ نے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
علاقائی صورتحال خصوصا امریکہ اور ایران کے معاہدے، خطے میں کشیدگی کم کرنے، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کی سپورٹ کے طریقوں پر بات کی گئی۔
