سعودی کرکٹ فیڈریشن کا ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 لیگ کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ
’یہ شراکت سعودی عرب کو کرکٹ کا عالمی مرکز بنانے کی جانب بڑی پیش رفت ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی کرکٹ فیڈریشن نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 لیگ کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق معاہدے کا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینا اور اسے علاقائی و عالمی سطح پر وسعت دینا ہے۔
یہ شراکت قومی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے فروغ پر مرکوز ہے جس کے تحت سعودی کھلاڑیوں کو لیگ کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب ٹی 20 کے میچز کی میزبانی بھی کرے گا۔
معاہدے میں کرکٹ کے مقامی ڈھانچے کی ترقی، شائقین کے تجربے میں بہتری اور مختلف طبقوں میں اس کھیل کی ثقافت کو عام کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
سعودی کرکٹ فیڈریشن کے صدر شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود نے کہا ہے کہ ’یہ شراکت سعودی عرب کو کرکٹ کا عالمی مرکز بنانے کی جانب بڑی پیش رفت ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’یہ شراکت کھلاڑیوں اور شائقین کو عالمی مقابلوں سے جوڑتے ہوئے سعودی وژن 2030 کے سفر کو نمو، مواقع اور ترغیب کے میدان میں سہارا دے گی‘۔