’اکواریبیا‘ اور ’سکس فلیگ قدیہ‘ میں خصوصی آفرز کے ساتھ سمر سیزن کا آغاز
سعودی عرب میں ’اکواریبیا‘ اور ’سکس فلیگ قدیہ‘ سمر سیزن میں خصوصی ٹکٹ آفر اور سیزنل پاسز کے ساتھ ناقابل فراموش ایڈونچر لے کر آ رہے ہیں۔
وزیٹرز کو 22 ستمبر تک جاری رہنے والے پورے سیزن کے دوران دونوں پارکوں میں پرکشش مقامات سے لطف اندوز ہونے کے لیے لامحدود رسائی حاصل ہوگی۔
’اکواریبیا‘ مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا واٹر تھیم پارک اور مشرق وسطی کا سب سے بڑا پارک ہے، جو ڈھائی لاکھ مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں مملکت کے قدرتی مناظر اور جنگلی حیات سے متاثر 8 تھیم زونز موجود ہیں۔
وزیٹرز 22 واٹر رائیڈز اور تفریحی سرگرمیوں جن میں 7 ڈرائی رائیڈز شامل ہیں، سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
’اکواریبیا‘ میں مختلف نوعیت کی تفریحی سرگرمیوں کی وسیع رینج کو شامل کیا گیا ہے جن میں ہائی سپیڈ واٹر کوسٹر، ریکارڈ بریکنگ سلائیڈز، سرفنگ پیکجز اور بڑے ویو پولز کے علاوہ فیملی کے لیے دیگر تفریحی مقامات شامل ہیں۔
سکس فلیگز قدیہ 3 لاکھ 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے جہاں 28 سے زائد دلچسپ رائیڈز اور تفریحی سرگرمیاں موجود ہیں۔ ان میں فالکنز فلائٹ بھی شامل ہے جو دنیا کا سب سے طویل، تیز رفتار اور بلند رولر کوسٹر ہے۔

اسی طرح آئرن ریٹلر دنیا کا سب سے بلند ٹِلٹ کوسٹر ہے جبکہ سپٹ فائر دنیا کے بلند ترین اِنورٹڈ کوسٹروں میں شمار ہوتا ہے۔
سمرسیزن میں سکس فلیگ قدیہ فین زون بھی موجود ہے جہاں وزیٹرز فیفا ورلڈ کپ کے میچز دیکھ سکتے ہیں۔
