الباحہ میں رغدان فاریسٹ سیاحوں کے لیے ’قدرتی سیاحتی نقشے پر ایک نمایاں مقام‘
الباحہ ریجن میں رغدان فاریسٹ پارک، مملکت کے ایک اہم قدرتی اور سیاحتی مقام کی حیثیت میں بڑی تعداد میں لوگوں کی دلچپسی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کی وجہ یہاں کی ماحولیاتی دلکشی، متعدل موسم اور دل میں اُتر جانے والے مناظر کا سلسلہ ہے جسے الباحہ میں گرمیوں کے سیزن کے آغاز اور سیاحوں کی آمد سے مزید توجہ مل رہی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ فاریسٹ یا جنگل، سروات کے پہاڑی علاقے میں الباحہ شہر سے مغرب میں واقع ہے جہاں سے تھامہ کی ڈھلوانیں بھی نظر آتی ہیں۔ یہاں کا گھنا سبزہ، متنوع زمینی ساخت اور دُور دُور تک پھیلے ہوئے پُر کشش منظروں کے ساتھ مل کر اِس علاقے کے حسُن کو دوبالا کر دیتا ہے۔
یہ جنگل، قدیم اور سدا بہار عرعر کے درختوں کی وجہ سے بھی پہچانا جاتا ہے جو علاقے کی ماحولیاتی شناخت کا ایک حصہ ہیں۔ یہاں اکثر دھند چھائی رہتی ہے جس سے منظر اور بھی حسین ہو جاتا ہے اور نہ صرف عام سیاحوں بلکہ فوٹی گرافی کے شوقین افراد کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔
گزشتہ کئی برس کے دوران اس جنگل کی ترقی اور بحالی کے مختلف منصوبوں پر کام کیا گیا ہے جن کی وجہ سے سیاحوں کو مہیا کی جانے والی خدمات کا معیار بلند اور لوگوں کا مجموعی تجربہ بہتر ہوا ہے۔
نئی تبدیلیوں میں یہاں سرسبز مقامات میں اضافہ کیا گیا ہے، پیدل چلنے کے لیے علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں، لوگوں کے بیٹھنے کے لیے نشستیں لگائی گئی ہیں اور دیگر تفریحی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جن میں باغ اور کُھلے مقامات شامل ہیں جو بڑی تعداد میں سیاحوں کی ضرورتوں کو پورا کرتے ہیں۔
رغدادن کا جنگل، الباحہ کے قدرتی سیاحتی نقشے پر ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے جہاں سال بھر سیاح آتے رہتے ہیں۔ گرمیوں میں یہاں کا موسم اعتدال پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے مملکت کے دیگر کئی علاقوں کے مقابلے میں اِس مقام کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

یہ فاریسٹ، علاقے میں سیاحت کے فروغ کا باعث بھی بنتا ہے اور سیاحت اور تفریحی سے وابستہ کاروبار کے باعث معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
یہاں پر موسم کے لحاظ سے کئی پروگراموں اور تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جو آنے والوں کے تفریحی تجربے کو مزید بہتر بناتا ہے،علاقے کی قدرتی اور ثقافتی جاذبیت کو بڑھانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
الباحہ کے میئر ڈاکٹر علی السواط کا کہنا ہے کہ’ رغدان کا فاریسٹ 483,000 سکوائر میٹر پر پھیلا ہوا ہے جس میں 384,000 سکوائر میٹر سر سبز زمین ہے۔ یہاں 1230 پارکنگ کی جگہیں ہیں جن میں 42 صرف ایسے افراد کے لیے مختص ہیں جنہیں کوئی عُذر لاحق ہے۔ جنگل میں 14 کھیل کے میدان اور 122 ریسٹ رومز ہیں جو پورے جنگل میں پھیلے ہوئے ہیں۔‘
گرمیوں کے سیزن کے آغاز سے ہی اِس جنگل میں نئے تفریحی منصوبوں اور ایسی سرگرمیوں کا آغاز ہو رہا ہے جن کا مقصد یہاں آنے والوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور سیاحوں کے لیے متنوع اور نئے تفریحی مشاغل کو متعارف کرانا ہے۔

یہاں موجود تفریحی دلچسپی کا سامان پہلے ہی امتیازی نشان کا درجہ حاصل کر چکا ہے جن میں معلق پُل اور زِپ لائن (رسی یا تار کے ساتھ بلندی سے نیچے یا ایک سے دوسرے مقام کی طرف پھسلتے جانے والا تفریحی شغل) پروجیکٹ شامل ہیں۔
میئر کا کہنا تھا کہ ’نئے تفریحی مشاغل میں لائٹ کے کھیل، 90D سینما، متحرک روشنیوں کی تنصیب، آئینوں والی بھول بھلیاں، برقی گیمز اور انٹرایکٹیو لیزرتجربات بھی شامل ہیں۔‘
ان کے علاوہ جنگل میں کئی دیگر تفریحی مشاغل اور مُہمات والے پروگرام بھی ہیں جن کا مقصد موسم ِ گرما میں سیاحوں کو تفریح کے متنوع متبادل پیش کرنا ہے۔
