Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینے کے دیہی فارم، گرمیوں کی ’ٹھنڈی شاموں‘ میں سب کا من پسند مقام

مدینہ منورہ کے ریجن میں واقع دیہی فارم، آج کل گرمیوں کی شاموں میں رہائشیوں اور باہر سے آنے والے سیاحوں کی من پسند جگہ بنتے جا رہے ہیں۔
یہ فارم ایسے افراد کے لیے سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کے ترجیحی بدل کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں جہاں اُن کے اطراف میں قدرتی ماحول، ہر طرح کی سہولتیں اور گرم کھلی جگہوں کی نسبت قدرے ٹھنڈی فضا ہوتی ہے۔
دیہی فارمز کو اُن کے زرعی ماحول کی وجہ سے فائدہ پہنچ رہا ہے جہاں فصلوں اور درختوں کی باقاعدگی سے آبپاشی کے باعث درجۂ حرارت کم جبکہ ہوا میں نمی کی سطح کا تناسب بڑھ جاتا ہے جس سے ماحول زیادہ آرام دہ اور خوشگوار ہو جاتا ہے۔

بہت سے فارمز ایسے ہیں جہاں باہر بیٹھنے کے لیے نشستوں کا انتظام ہے اور پنکھے مہیا کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اِن مقامات پر پانی کے باریک چھڑکاؤ کا بندوبست بھی ہے جو گرمیوں کے موسم میں سیاحوں کے تجربے کو بدرجہا بہتر بنا دیتا ہے۔
یہ فارمز فیملیوں اور نوجوانوں کی من پسند جگہ بن چکے ہیں جہاں پر سبزہ ہے، بچوں کے کھیلنے کی لیے الگ ایریاز ہیں، کیفے، ریستوران اور ایسے کھوکھے بھی ہیں جہاں مقامی غذائیں اور مشروبات دستیاب ہیں۔
 کئی فارمز پر ثقافتی اور تفریحی تقاریب کا اہتمام بھی ہوتا ہے اور ہر عمر کے افراد کے لیے موسم کی مناسبت سے مختلف سرگرمیوں کا انتظام بھی کر دیا جاتا ہے۔

دیہی فارمز کی بڑھتی ہوئی طب اِس بات کی عکاس ہے کہ مدینے کے علاقے میں ایسے فارمز پر سیاحت میں دلچپسی بڑھ رہی ہے جس سے زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو تعاون مل رہا ہے۔ ساتھ ساتھ سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں کے باعث کسانوں، گھریلو صنعتوں میں کام کرنے والے خاندانوں اور کاروباری افراد کے لیے معاشی مواقع بھی پیدا ہو  رہے ہیں۔

شیئر: