ریاض: ’بولیوارڈ بزنس پارک‘ منصوبہ مکمل ہو گیا، ترکی آل الشیخ
جمعہ 10 جولائی 2026 18:07
بزنس پارک منصوبہ مملکت کا پہلا تفریحی مرکز اور کاروباری ریزورٹ ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ ’بولیوارڈ بزنس پارک‘ منصوبے کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’بولیوارڈ بزنس پارک‘ منصوبے کا آغاز اگست 2024 میں بولیوارڈ سٹی میں کیا گیا۔ یہ منصوبہ بولیوارڈ ڈسٹرکٹ کی ازسرنو منصوبہ بندی اور تنظیم نو کے شہر ماسٹر پلان کے پہلے مرحلے کے طور پر نجی شعبے کی شراکت سے شروع ہوا تھا۔
آل الشیخ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بزنس پارک منصوبہ مملکت کا پہلا تفریحی مرکز اور کاروباری ریزورٹ ہے، جس پر ایک ارب ریال سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے‘۔
اتھارٹی کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ منصوبہ ’حی ریئل سٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی آر ای کیو ریئل سٹیٹ فنڈ، فرنسی کیپیٹل اور صلہ کمپنی کے تعاون و آپریشن کے تحت مکمل کیا گیا‘۔
بزنس پارک منصوبے میں نو عمارتیں آفسز کے لیے مخصوص ہیں، جن میں 60 ہزار مربع میٹر سے زائد جگہ دفاتر کے لیے مخصوص کی گئی ہے، علاوہ ازیں تجارتی مراکز، کمپنیوں کے مرکزی دفاتر، مشترکہ ورک اسپیسز اور 1300 سے زائد کار پارکنگ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔