پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین کے امور پر نویں دو روزہ وزارتی کانفرنس کا اتوار کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آغاز ہو گیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے بعد دنیا کے اس دوسرے بڑے فورم کے تکنیکی سیشنز پہلے روز شروع ہو چکے ہیں جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس پیر کو منعقد ہو گا۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس کانفرنس کو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کے بعد تنظیم کی چیئرمین شپ مصر سے پاکستان کو منتقل ہو رہی ہے اور پاکستان اگلے دو برس کے لیے اس اہم فورم کی صدارت سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
’او آئی سی ممالک میں خواتین کو سماجی، اقتصادی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانا: چیلنجز اور آگے کا راستہ‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں تنظیم کے تمام 57 رکن ممالک کے لگ بھگ 190 سے زائد مندوبین، مبصرین اور وزرا شرکت کر رہے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات اور ریڈیو پاکستان کے مطابق 12 اور 13 جولائی کو ہونے والی اس کانفرنس کا بنیادی مقصد مسلم دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
کانفرنس کے پہلے روز مختلف تکنیکی ورکنگ گروپس کے اجلاس جاری ہیں جن میں مندوبین خواتین کے کردار، ترقی اور انہیں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی قومی پالیسیوں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔
9th OIC Ministerial Conference on Women, Islamabad 12-13 July 2026
Pakistan is hosting the 9th OIC Ministerial Conference on Women in Islamabad on July 12–13, bringing together around 190 delegates from 57 OIC member states. The conference aims to strengthen cooperation on… pic.twitter.com/HWQYng0CeZ
— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) July 12, 2026
اس موقعے پر وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی او آئی سی رکن ممالک کے وزرا اور اعلیٰ حکام سے دو طرفہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے دوران مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیر کو ہونے والے مرکزی وزارتی اجلاس کا افتتاح وزیرِاعظم کریں گے جو کہ افتتاحی نشست سے خطاب بھی کریں گے۔
اس اہم اجلاس میں مبصرین اور وزارتی وفود کے علاوہ خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر شزا فاطمہ بھی شامل ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر وزارتِ خارجہ کے کلیدی کردار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت وزارتِ اطلاعات کے بھرپور تعاون کو سراہا۔













