پاکستانی شہری پیشگی ویزہ کے بغیر کون کون سے ممالک کا سفر کر سکتے ہیں؟
ہفتہ 11 جولائی 2026 17:39
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 100ویں نمبر پر برقرار ہے (فائل فوٹو: ہینلے پاسپورٹ انڈیکس)
رواں برس موسمِ گرما میں بیرونِ ملک سفر کی منصوبہ بندی کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے خوش آئند خبر یہ ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اب بھی دنیا کے 30 ممالک کا سفر ویزہ فری یا پھر ویزہ آن ارائیول (وی او اے) یا الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) کے ذریعے کر سکتے ہیں۔
رینکنگ جاری کرنے والی مشہور فرم ’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کی رواں ماہ جاری ہونے والی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 100 ویں نمبر پر برقرار ہے۔
رواں سال فروری میں پاکستان 97 ویں نمبر تک پہنچ گیا تھا، تاہم بعد ازاں درجہ بندی میں کمی آئی اور مئی کے بعد جولائی میں بھی 100 واں نمبر برقرار رہا ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں تبدیلی
’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں کئی بار اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
سال 2025 میں پاکستان 103ویں نمبر پر تھا اور شہریوں کو 31 ممالک تک ویزا فری یا آسان سفری رسائی حاصل تھی۔ جنوری 2026 میں پاکستان 98ویں، جبکہ فروری 2026 میں مزید بہتری کے بعد 97ویں نمبر پر پہنچ گیا اور قابلِ رسائی ممالک کی تعداد 32 ہو گئی۔ تاہم مئی 2026 میں درجہ بندی دوبارہ 100ویں نمبر پر آ گئی اور قابلِ رسائی ممالک کی تعداد 30 رہ گئی، جو جولائی 2026 کی تازہ ترین رپورٹ میں بھی برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی مختلف ممالک کی ویزا پالیسیوں، دوطرفہ سفری معاہدوں اور بین الاقوامی سفری قوانین میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث وقتاً فوقتاً تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
کن ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے؟
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری اس وقت 11 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ ان ممالک میں بارباڈوس، کُک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیرات، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، دی گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں، جہاں پاکستانی مسافر روایتی ویزا حاصل کیے بغیر داخل ہو سکتے ہیں۔
ویزا آن ارائیول کی سہولت
اس کے علاوہ پاکستانی شہریوں کو ’16 ممالک‘ میں پہنچنے پر ویزا (ویزا آن ارائیول) حاصل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
ان ممالک میں برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ورد، کومورو جزائر، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، نیپال، نیوئے، پلاؤ، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو شامل ہیں، جہاں مسافر روانگی سے قبل روایتی ویزا حاصل کیے بغیر منزل پر پہنچ کر داخلے کی اجازت حاصل کر سکتے ہیں۔
کن ممالک کے لیے ای ٹی اے درکار ہے؟
کینیا، سیشلز اور سری لنکا کا سفر کرنے سے قبل پاکستانی شہریوں کو الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) حاصل کرنا ہوگی۔

ای ویزا کے ذریعے بھی درجنوں ممالک تک رسائی
رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری متعدد ایشیائی، افریقی، یورپی اور امریکی ممالک کے لیے ای ویزا بھی حاصل کر سکتے ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات، قطر، تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکی، برطانیہ، سنگاپور، ویتنام، جنوبی افریقہ، تنزانیہ، یوگنڈا، کولمبیا، کیوبا، ایکواڈور اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
دنیا کا مضبوط ترین پاسپورٹ
’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ کے مطابق سنگاپور دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ برقرار ہے، جس کے شہری 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔
اسی طرح سے جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات کے شہری دنیا کے 188 ممالک تک رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جرمنی، فرانس اور سپین بھی دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس میں شامل ہیں۔
انڈیا کی درجہ بندی میں بھی کمی
نئی رینکنگ کے مطابق انڈیا کا پاسپورٹ 80ویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ انڈیا کے شہری اس وقت 56 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
’ہینلے پاسپورٹ انڈیکس‘ دنیا کے ایک سو 99 پاسپورٹس اور دو سو 27 سفری مقامات کا جائزہ لیتا ہے۔ یہ درجہ بندی بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے اور ویزا قوانین میں تبدیلی کے ساتھ مسلسل اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہے۔
