Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، ’خطے میں کشیدگی پر تشویش‘

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم ہاؤس نے جمعے کو ایک بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم پاکستان نے خطے کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر تحمل و بردباری دکھانے پر زور دیا ہے۔‘
امن کی کامیابیوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے
دورانِ گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔ ’انہوں نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔‘
وزیراعظم نے خاص طور پر ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
بیان کے مطابق ’شہباز شریف نے صدر مسعود پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔‘
ایران کی جانب سے پاکستان کی قیادت کا شکریہ
دوسری جانب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی دیگر اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کی تھی۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ’ایرانی صدر نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے بھی اپنی نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار کیا۔‘
دورۂ اسلام آباد کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ
’ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

 

شیئر: