معیار زندگی میں بہتری اور مونسپل سروسز کی ترقی نئے میئر جدہ کی اولین ترجیح
احسان بافقیہ کو اس کردار میں قیادت کا وسیع تجربہ ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ کے نئے میئر احسان بافقیہ نے میونسپل سروسز کی ترقی، فیلڈ ورک کو وسعت دینے اور رہائشیوں کے معیار زندگی میں بہتری کو ترجیح دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یاد رہے کہ احسان بافقیہ کو اتوار کو جاری ہونے والے ایک شاہی فرمان کے ذریعے بدرجہ وزیر جدہ کا میئر مقرر کیا گیا۔ وہ صالح الترکی جگہ لیں گے جو اگست 2018 سے اپریل 2026 تک اس عہدے پر فائز رہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق جدہ کے رہائشی احسان بن عباس بافقیہ کو اس کردار میں قیادت کا وسیع تجربہ ہے۔
اس سے قبل وہ سٹیٹ پراپرٹیز جنرل اتھارٹی کے گورنر اور محمد السبیعی لاجسٹک سروسز کے سی ای او کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اپنے کیریئر کے آغاز میں وہ سعودی اتھارٹی فار انڈسٹریل سٹیز اینڈ ٹیکنالوجی زونز کے چیف فنانشل آفیسر تھے۔
انہوں نے سالٹ لیک سٹی یو ایس کے ویسٹ منسٹر کالج سے سائنس میں بیچلر ڈگری حاصل کی ہے۔
احسان بافقیہ نے اپنے تقرر کے لیے شاہی اعتماد کو قومی امنگوں اور اس کی جاری ترقی کے مطابق جدہ کی خدمت جاری رکھنے کی ذمہ داری قرار دیا۔

انہوں نے کہا ’اگلے مرحلے میں ترقی کو بر قرار رکھنے اور کارکردگی کو بڑھانے کے ساتھ ماضی کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے، میونسپل سروسز کا معیار بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’میونسپلٹی کے محکموں اور شراکت دار ایجنسیوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کارکردگی کو بڑھانے، ڈیلیوری کو تیز کرنے اور اہداف کے حصول کی بنیاد ہے۔‘
ان کے مطابق جدہ ایک ترقیاتی مرحلے سے گزر رہا ہے، جس میں میگا پروجیکٹ شامل ہیں، جس کے لیے کام کی رفتار کو برقرار رکھنےِ، شہر کی تیاری کو بڑھانے، شہری اور اقتصادی ترقی کے ساتھ رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
