سعودی وزیر اقتصاد سے نیو یارک میں پاکستانی وزیر احسن اقبال کی ملاقات
منگل 14 جولائی 2026 20:50
مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی فیصل بن فاضل الابراہیم سے منگل کو پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نیویارک میں ہائی لیول پولیٹیکل فورم 2026 کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ترقی و منصوبہ بندی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے پائیدار ترقی کی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور 2030 کے ایجنڈے کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں لکھا ’ہماری ملاقات میں بات چیت کا فوکس گزشتہ کامیابیاں نہیں بلکہ آئندہ کے مواقع پر رہا۔‘

اس بات پر اتفاق کیا کہ مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو منصوبہ بندی اور ترقی کا مرکزی ستون بننا چاہیے، جیسا کہ دنیا ٹیکنالوجیکل ری سیٹ سے گزر رہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کو بھی انوویش، نالج اور فیوچر ریڈی اکانومی میں شراکت دار بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا ’میں نے سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سعودی وزیر اقتصاد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔‘
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا مستقبل انوویشن، ٹیلنٹ، اقتصادی ہم آہنگی اور مشترکہ خوشحالی میں ہے۔ ہم مل کر نہ صرف مضبوط معیشت بلکہ اپنے خطے کے لیے ایک مضبوط مستقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔
