صحت مند طرزِ زندگی: مکہ میں سائیکلنگ کی جانب رجحان بڑھتے لگا
جمعرات 16 جولائی 2026 0:12
یہ صرف ایک سپورٹس نہیں بلکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کا ذریعہ ہے ( فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سائیکلنگ کے رجحان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ سرگرمی اب صرف ایک سپورٹس نہیں بلکہ جسمانی صحت، ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن اور صحت مند طرز زندگی کی علامت بننے لگی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مختلف سماجی شعبوں میں جسمانی کھیلوں کے ذریعے لوگوں کو مختلف حوالوں سے بہتر صحت اور فعال طرزِ زندگی اختیار کرنے کے لیے راغب کیا جا رہا ہے۔
مکہ مکرمہ میں سرکاری اداروں، رضاکار تنظیموں اور سپورٹس فیڈریشنز کی جانب سے سائیکل ریسوں، سپورٹس ایونٹس سمیت مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے انعقاد سے سائیکلنگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان سرگرمیوں نے مختلف عمر کے افراد کو سائیکلنگ کی جانب راغب کیا۔
سائیکلنگ کے لیے انتظامیہ کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عوامی مقامات کی ترقی، مخصوص سائیکل ٹریکس کی تعمیر اور حفاظتی معیار میں بہتری، ایسے اقدامات ہیں جو اس کھیل میں باقاعدگی سے شرکت کی حوصلہ افرائی کرتے ہیں اور مقدس شہر میں معیارِ زندگی بلند کرنے میں معاون ہیں۔
آج سائیکلنگ تفریح اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن کا ایسا موثر ذریعہ بن چکی ہے جو سماجی روابط کو مضبوط بنانے، عوامی سہولتوں سے بہتر استفادہ کرنے اور معاشرے میں جسمانی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ تمام کاوشیں سعودی وژن 2030 کے اس ہدف سے ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد صحت مند اور فعال معاشرے کی تشکیل ہے۔
مکہ مکرمہ میں سائیکلنگ کی سرپرستی اور اس سے متعلق سہولتوں میں توسیع پائیدار شہر کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے، جو معیار زندگی کو بہتر بنانے اور سپورٹس کلچر کو مزید وسیع کرنے میں مدد دے گا۔
