سعودی آسکر اینٹری فلم ہالی وُڈ عرب فیسٹیول میں پیش ہونے کے لیے تیار
سعودی آسکر اینٹری فلم ہالی وُڈ عرب فیسٹیول میں پیش ہونے کے لیے تیار
جمعرات 5 نومبر 2026 9:13
علاقائی کشیدگی کی وجہ سے ریلیز میں تاخیر کے بعد یہ فلم 25 جون کو سعودی سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
آسکرز کے لیے سعودی عرب کی آفیشل طور پر نامزد ہونے والی فلم ’زندگی اور موت کا مسئلہ‘ (اے میٹر آف لائف اینڈ ڈیتھ) جس میں سعودی اداکارہ سارہ طیبہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، آٹھ نومبر کو لاس اینجلس میں ہالی وُڈ عرب فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کولور تھیٹر میں ہونے والی اس سکریننگ کے بعد مصری پروڈیوسر محمد حفظی کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن ہو گا جنہوں نے اپنی قاہرہ میں واقع کمپنی فلم کلینک کے ذریعے اس فلم کو سپورٹ کیا ہے۔
سعودی فلم کمیشن نے اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ یہ فلم 99ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں مملکت کی نمائندگی کرے گی جو مارچ 2027 میں منعقد ہوں گے۔ سعودی عرب کو اس کیٹیگری میں کبھی بھی نامزدگی نہیں ملی ہے۔
سعودی ہدایت کار انس با طھف کی ڈائریکٹ کردہ اور جدہ کے پس منظر میں بننے والی یہ رومانوی ڈارک کامیڈی سارہ طیبہ کے نبھائے گئے کردار حیات کے گرد گھومتی ہے جو ایک 29 سالہ خاتون ہے اور اسے یقین ہے کہ ایک خاندانی بددعا اسے اس کی 30ویں سالگرہ پر مار ڈالے گی۔
وہ یوسف سے ملتی ہے جو دل کی غیر معمولی طور پر سست دھڑکن رکھنے والا ایک جذباتی طور پر الگ تھلگ رہنے والا ہارٹ سرجن ہے اور اس کا کردار سعودی اداکار یعقوب الفرحان نے ادا کیا ہے۔ دونوں مل کر موت کو دھوکہ دینے کا ایک منصوبہ بناتے ہیں۔
سارہ طیبہ نے دسمبر 2025 میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر عرب نیوز کو بتایا تھا کہ ’یہ ایک رومانوی ڈارک کامیڈی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ سعودی فلموں میں ایک بلکل نئی صنف ہے۔ یہ بہت رنگین ہے اور میں لوگوں کو اسے دکھانے کے لیے بہت پرجوش بھی ہوں اور خوفزدہ بھی۔‘ فلم کا ورلڈ پریمیئر اس فیسٹیول کے عرب سپیکٹیکلر سیکشن میں ہوا تھا۔
اس فلم کی بین الاقوامی سطح پر بھی نمائش کی گئی ہے (فوٹو: ریڈ سی فلم فیسٹ)
علاقائی کشیدگی کی وجہ سے ریلیز میں تاخیر کے بعد یہ فلم اس سال 25 جون کو سعودی سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد ظہران میں 12ویں سعودی فلم فیسٹیول میں اسے جیوری کی طرف سے خصوصی تعریف ملی جہاں سارہ طیبہ نے بہترین اداکاری کا گولڈن پام ایوارڈ جیتا۔
اس کی بین الاقوامی سطح پر بھی نمائش کی گئی ہے جس میں اپریل میں سویڈن کے مالمو عرب فلم فیسٹیول اور جولائی میں نیویارک کے جیکب برنز فلم سینٹر میں اس کی سکریننگ شامل ہے۔ یہ فلم 22 اکتوبر کو شاہد پلیٹ فارم پر سٹریمنگ کے لیے بھی دستیاب ہو گئی تھی۔
سارہ طیبہ اور انس با طھف نے اس سے پہلے ٹی وی سیریز ’جمیل جداً میں ایک ساتھ کام کیا تھا جسے پہلی ایسی سعودی سیریز قرار دیا گیا تھا جسے ایک سعودی خاتون نے بنایا، لکھا اور اس میں مرکزی کردار ادا کیا۔ سارہ طیبہ کو ’مندوب‘ اور ’حوجن‘ میں ان کے کرداروں کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔
’اے میٹر آف لائف اینڈ ڈیتھ‘ کو ریڈ سی فنڈ کے تعاون سے فلم کلینک کے لیے محمد حفظی، فرنٹ رو فلمڈ انٹرٹینمنٹ کے لیے گیانلوکا چکرا اور عریبیہ پکچرز کے لیے عبدالالہ الاحمری اور احمد طعیمہ نے پروڈیوس کیا ہے۔