براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، سعودی عرب عالمی رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر
ہفتہ 18 جولائی 2026 21:28
ایک برس کے دوران سرمایہ کاری کے حجم میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔( فوٹو: عرب نیوز)
اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی ( انکٹاڈ) کی جاری کردہ ’ورلڈ انویسٹمنٹ رپورٹ 2026‘ کے مطابق، سعودی عرب عالمی سرمایہ کاری کے ایک بڑے مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مسلسل مستحکم کر رہا ہے۔
’ورلڈ انویسٹمنٹ رپورٹ 2026‘ میں کہا گیا کہ سعودی عرب، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری والے دنیا کے بڑے ممالک کی عالمی رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
سال 2025 کے دوران سعودی عرب میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 32.6 ارب ڈالر تھا جبکہ سال 2024 میں یہ حجم 21.3 ارب ڈالر تھا۔ ایک برس میں تقریبا 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مملکت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم بھی بڑھ کر 293.3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
یہ پیش رفت سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے لیے بڑھتی ہوئی کشش اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس اور وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
جبکہ توانائی، انفرا سٹرکچر، ٹیکنالوجی، جدید صنعتوں اور لاجسٹکس جیسے سٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع نے بھی اس عمل کو مزید تقویت دی ہے۔

اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی کی رپورٹ میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے شعبے میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
مملکت کی نیشنل انویسٹمنٹ سٹریٹیجک کے تحت متعارف کرائی جانے والی اصلاحات اور مختلف اقدامات نے سرمایہ کاری ماحول کی مسابقت میں اضافہ کیا۔ سرمایہ کاروں کے لیے مقامی مارکیٹ میں داخل ہونے کے عمل کو مزید آسان اور پر اعتماد بنایا ہے۔
