سعودی عرب میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 33.5 فیصد بڑھ گئی
غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم تقریبا 159 ارب ریال تک پہنچ گیا۔( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں گزشتہ برس براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 33.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرمایہ کاری کا حجم تقریبا 159 ارب ریال تک پہنچ گیا۔
ایس پی اے کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سعودی معیشت کی بڑھتی ہوئی کشش اور وژن 2030 کے اہداف کی جانب اس کی مسلسل پیش رفت کی عکاس ہے۔
سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ مملکت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم بھی 8.2 فیصد سے بڑھ کر سال 2025 کے اختتام تک 1059 ارب ریال ہو گیا۔
اس کی اہمیت کا اندازہ سال 2017 کے اعداد وشمار سے لگایا جاسکتا ہے۔ اس عرصے میں بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کی سالانہ آمد 5 گنا بڑھ چکی ہے جبکہ سرمایہ کاری کا مجموعی حجم بھی دگنا ہو گیا ہے۔
اس طرح سرمایہ کاری کی سالانہ آمد میں اوسط مرکب شرح نمو24 فیصد جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کے حجم میں یہ شرح 10 فیصد رہی جو گزشتہ برسوں کے دوران سعودی معیشت میں آنے والی بڑی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہے۔

خیال رہے نیشنل ٹرانسفارمیشن پروگرام جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ہے وژن کے مجموعی اہداف میں سے 34 سٹریٹیجک اہداف کے حصول میں کردار ادا کررہا ہے جو مجموعی اہداف کا تقریبا 35 فیصد ہیں۔
اس مقصد کے لیے پروگرام کے تحت 310 سے زائد اقدامات پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے جن کی سربراہی و نگرانی سات وزارتیں کر رہی ہیں جبکہ 50 سے زائد سرکاری و انتظامی ادارے بھی اس عمل میں معاون ہیں۔
