Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

35.4 ارب درخت لگانے اور 9 کروڑ 94 لاکھ ہیکٹر بنجر اراضی کی بحالی کا ہدف

وزارت کا کہنا ہے شجر کاری وژن 2030 کے اہداف کو سپورٹ کرتی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے موسم گرما میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے لیے ایک اہم قدرتی حل کے طور پر شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ’درخت، شہری علاقوں کو ٹھنڈا رکھنے، ہوا کے معیار اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔‘
مشرق وسطی گرین انیشیٹیو کی ایگزیکٹو کونسل کا 20 واں ورچوئل اجلاس ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اور سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی وزارت کے انڈرسیکرٹری ڈاکٹر اسامہ فقیھا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں 29 جنوری 2026 کو ہونے والے وزارتی کونسل کے دوسرے اجلاس کے فیصلوں پرعمل درآمد اور آئندہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل انجینیئرابراہیم الترکی نے بتایا ’انیشیٹیو کے حوالے سے رکن ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے، استعدادِ کار میں اضافے، بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سیکریٹریٹ کے انتظامی ڈھانچے کو مکمل کرنے پر غور کیا گیا۔‘
علاوہ ازیں انیشیٹیو کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی جاری کیے گئے، سالِ رواں کی دوسری ششماہی کے لیے جنرل سیکریٹریٹ کے ورک پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ورچوئل اجلاس میں سائنسی مشاورتی کمیٹی کی رکنیت کے لیے نامزدگیوں، سیکریٹریٹ کی انتظامی اور تنظیمی پالیسیوں، مستقبل میں پانچ برس کی منصوبہ بندی پر بحث کی گئی۔

رکن ممالک کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعداد و شمار میں مشرق وسطی گرین انیشیٹیو کے تحت 35.4 ارب درخت لگانے اور 9 کروڑ 94 لاکھ ہیکٹر بنجر اراضی کی بحالی کا ہدف مقرر کیا گیا، جو خطے میں سبزے کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہیں۔
وزارت نے کہا ’درخت سایہ فراہم کرکے، فٹ پاتھ اور دیگر سطحوں سے حرارت کو جذب کرنے کو محدود کرکے ماحول کو ٹھنڈا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔‘ 

 ’شجر کاری، تفریح اور بیرونی سرگرمیوں کے لیے زیادہ موزوں ماحول بھی فراہم کرتی ہے۔ جسمانی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور سالانہ 150 کلو گرام تک کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے میں مدد کرتی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے ’شجر کاری سعودی وژن 2030 اور وسیع تر ماحولیاتی پائیداری کی کوششوں کی سپورٹ کرتی ہے۔‘

 

شیئر: