ریاض اور جنوبی ریجن میں داغے گئے تین ڈرون مار گرائے: عرب اتحاد
سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے کہا ہے کہ پیر کو ریاض اور جنوبی ریجن میں داغے گئے تین ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ تین ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے کہا تھا کہ اس نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائل داغنے والے دو لانچرز تباہ کر دیے ہیں۔
ان میں وہ لانچر بھی شامل ہے جس کے ذریعے ریاض کی جانب میزائل داغا گیا تھا تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے اسے فضا میں ہی روک لیا تھا۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹس میں اس کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد نے میزائل داغنے والے دونوں لانچنگ پلیٹ فارمز تباہ کر دیے۔
سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان حملوں میں دارالحکومت ریاض، جنوبی شہروں اور مغربی سعودی عرب کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں مقدس شہر مکہ کے قریب کے مقامات شامل ہیں۔
اتحاد کے مطابق اتوار کے روز سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے دو ڈرونز اور ایک بیلسٹک میزائل کو روک کر تباہ کر دیا جبکہ جنوبی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے والے ایک کروز میزائل کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔ اتحاد نے جنوبی سعودی عرب کی جانب داغے گئے مزید 10 بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کا اعلان بھی کیا۔
ان حملوں سے ایک روز قبل ہفتے کو بھی میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔ ان میں طائف، ینبع اور ریاض کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل اور مشرقی علاقے کو نشانہ بنانے والا ایک ڈرون شامل تھا۔
