مسجد الحرام میں بارش کے دوران زائرین کی دعائیں، جمعے تک بارش کا الرٹ
زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے کئی علاقوں میں پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ مسجد الحرام میں بارش کے دوران زائرین عبادت اور دعاؤں میں مصروف رہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے بارش کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا گیا۔
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں جمعے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا تھا مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کے ساتھ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ، حائل، قصیم، تبوک، الجوف، الشرقیہ ریجن اور حدود الشمالیہ میں بھی درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا۔

بیان میں کہا گیا ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
