یمنی فورسز کے 24 گھنٹے کے دوران حوثیوں کے اہداف پر 1276 حملے
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، سپلائی اور گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ( فوٹو: سکرین گریب)
یمن کی مسلح افواج نے پیر کو کہا ہے کہ ’آپریش ڈان آف یمن‘ کے ایک حصے کے طور پر گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے اہداف پر ایک ہزار 276 حملے کیے ہیں۔
مسلح افواج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے کہا ’ان حملوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، دفاعی پوزیشنز، کمک، سپلائی، ٹرانسپورٹ ذرائع، اسلحے اور گولہ بارود کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔‘
’ان حملوں میں حوثی ملیشیا کے کم از کم 382 کمانڈر اور ارکان کو ’نیوٹرلائز‘ کیا گیا جبکہ 140 سے زائد گاڑیاں اور بھاری ہتھیاروں کو تباہ یا ناکارہ بنا دیا گیا۔‘
ترجمان نے کہا ’تعز کے محاذ پر عوامی مزاحمت کی حمایت یافتہ سرکاری فورسز نے متعدد محاذوں پر اچانک حملے کیے، انہیں فضائی سپورٹ حاصل تھی۔‘
ان حملوں سے حوثیوں کی کمک میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ کئی پہاڑی چوٹیوں اور دیگر سٹریٹیجک مقامات پر سرکاری فورسز کی پوزیشنیں بہتر بنانے میں مدد ملی۔
الجوف، مارب اور البیضا کے محاذوں کے ساتھ جنوب او جنوب مغرب میں بھی کارروائیاں جاری رہیں جس میں حوثیوں کی موومنٹ، دفاعی پوزیشینوں اور سپلائی لائنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد محمد العلیمی نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول باقی ماندہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
العلیمی کے مطابق ان فوجی کارروائیوں کا مقصد حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے امن، حقوق اور وقار کی بحالی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان علاقوں کے عوام فوجی کارروائیوں کا ہدف نہیں ہیں۔
