Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلغی دار چڑیا: صحرا کے ماحول کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت رکھنے والا پرندہ

یہ چڑیا اپنی سریلی آواز کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
حدودِ شمالیہ کے علاقوں میں کئی کھلے مقامات پر بھورے رنگ کی کلغی دار چڑیا اکثر دکھائی دیتی ہے۔ اپنی منفرد شکل و شباہت اور مخصوص انداز کی وجہ سے یہ چڑیا میدانی زمین، بجری اور رییتلی جگہوں پر مزید نمایاں ہو کر دکھائی دیتی ہے اور صحرا کے ماحول کے مطابق ڈھل جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق عدنان خلیفہ جو علاقے میں امان اینوائرمینٹل ایسوسی ایشن کے رکن ہیں، بتاتے ہیں ’کلغی والی چڑیا، صحراؤں یا نیم صحرائی علاقوں میں عام پائی جاتی ہے۔‘
اُنھوں نے کہا کہ ’یہ چڑیا اپنے سر پر نمایاں کلغی کی وجہ سے فوراً پہچانی جاتی ہے۔‘
یہ چڑیا اپنی کلغی کو اوپر نیچے کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ اِس کے جسم کا رنگ ریتیلا ہوتا ہے اور چڑیا کے جسم اور ریتیلے صحرا کے رنگ کے ایک جیسا ہونے کی وجہ سے یہ آسانی سے دیگر شکاری جانوروں کی نگاہ سے بچ جاتی ہے۔
عدنان خلیفہ نے بتایا کہ ’یہ چڑیا، چھوٹی چڑیا کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے اور بیج، دانے اور چھوٹے کیڑے مکوڑے اِس کی خوراک ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صحرا میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں کلغی دار چڑیا کا ایک اہم کردار ہے۔‘

عدنان خلیفہ کے مطابق یہ چڑیا کیڑے مکوڑوں کو کھا جاتی ہے اور پودوں کے بیجوں کو ایک سے دوسری جگہ پھیلانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
کلغی دار چڑیا اپنی سریلی آواز کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہے اور اِس کا تولیدِ نسل کا طریقہ بھی دوسرے پرندوں سے الگ ہے کیونکہ اونچے مقامات کے بجائے یہ زمین پر چھوٹی جھاڑیوں یا گھاس میں گھونسلہ بنا کر انڈے دیتی ہے۔

 

شیئر: