مصنوعی ذہانت کے عالمی مقابلے میں دو سعودی طالبات کے لیے ایکسیلینس ایوارڈ
جمعہ 24 جولائی 2026 19:43
کامیابی جنریٹیو مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق مقابلے میں حاصل ہوئی (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
الجوف یونیورسٹی کے کالج آف کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن سائنسز کی دو سعودی طالبات نے ہانگ کانگ میں منعقدہ دوسرے بین الاقوامی مصنوعی ذہانت کے مقابلے میں ایکسیلینس ایوارڈ حاصل کرکے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی اپنے نام کرلی۔
سبق نیوز کے مطابق مقابلے کا انعقاد ہانگ کانگ یونیورسٹی آف ایجوکیشن ’ای ڈی یو ایچ کے‘ کے تحت قائم الائنس فار اے ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نے کیا تھا۔
سعودی عرب کی الجوف یونیورسٹی کے کالج آف کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن سائنسز کے شعبے سے تعلق رکھنے والی سعودی طالبات میں ’غیداء بنت حمدان الفلاح اور صافیہ بنت رافع الرحیم‘ شامل ہیں، جنہوں نے معاون پروفیسر برائے سافٹ ویئر انجینیئرنگ ڈاکٹر مشاعل بنت ناصر کی نگرانی میں اپنا منصوبہ تیار کیا۔ یہ کامیابی جنریٹیو مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق مقابلے میں حاصل ہوئی۔
الجوف یونیورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یونیورسٹی کے طلبہ مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسے اختراعی تعلیمی حل پیش کر رہے ہیں جو مختلف ضروریات رکھنے والے طلبہ کی تعلیمی معاونت میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
