سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق الگ الگ رابطوں کے دوران خطے کی حالیہ صورتحال اور ان کوششوں کی سپورٹ جاری رکھنے کے طریقوں پر بات کی گئی، جن کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی حل کو فروغ دینا ہے تاکہ خلیج عرب اور بحیرہ احمر میں آبی گزر گاہوں کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی اور خطے کے امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ٹیلی فون پر خطے کی حالیہ صوتحال اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی سکیورٹی و استحکام کو بڑھانے والے پُر امن اور جامع حل تلاش کرنے کی وسیع تر کوششوں کے ایک حصے کے طور پر بحیرۂ احمر اور خلیج عرب میں کشیدگی کو کم کرنے، تناؤ پر قابو پانے، نیویگیشن سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔