ٹرین حادثہ: سعودی عرب کی سپین سے تعزیت، یکجہتی کا اظہار
سعودی وزیر خارجہ نے سپین کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو سپین کے ہم منصب جوز مینویل الباریز سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے سپین کی حکومت، عوام اور ٹرین حادثے کے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس المناک واقعے پر سعودی عرب کی جانب سے سپین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
سپین کے ریلوے سسٹم آپریٹر ’اے ڈی آئی ایف‘ کے مطابق بدھ کی صبح صوبہ طلیطلہ (تولیڈو) میں ایک تیز رفتار ٹرین کھڑی ہوئی دوسری ٹرین سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور کم از کم 64 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حادثے کے بعد میڈرڈ، سیوداد ریال اور اندلس کے درمیان ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔ یہ اس سال سپین میں پیش آنے والا دوسرا بڑا ٹرین حادثہ ہے۔
رواں برس جنوری میں بھی جنوبی سپین میں ایک ٹرین کے پٹری سے اتر کر سامنے سے آنے والی ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ وہ حادثہ 2013 کے بعد اسپین کا سب سے مہلک ٹرین حادثہ تھا جس میں 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
