سعودی عرب موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں جی 20 کے ٹاپ فائیو ممالک میں شامل
سعودی عرب موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں جی 20 کے ٹاپ فائیو ممالک میں شامل
اتوار 26 جولائی 2026 11:09
مملکت جی 20 ممالک میں انٹرنیٹ سپیڈ کے حوالے سے ٹاپ فائیو میں شامل ہوگئی ہے (فوٹو: سعودی انٹرنیٹ رپورٹ 2025)
کمیونیکینشنز سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق 2025 میں سعودی عرب میں موبائل انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈ کی میڈین سپیڈ گزشتہ سال کے 203 میگا بٹس فی سیکنڈ (ایم بی پی ایس) سے بڑھ کر 216 ایم بی پی ایس ہوگئی ہے جس کے باعث مملکت جی 20 ممالک میں انٹرنیٹ سپیڈ کے حوالے سے ٹاپ فائیو میں شامل ہو گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی انٹرنیٹ رپورٹ کے پانچویں ایڈیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس پیشرفت سے مملکت کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مسلسل ترقی کی عکاسی ہوتی ہے جبکہ ملک میں انٹرنیٹ کی رسائی 99.6 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 61.3 فیصد انٹرنیٹ صارفین روزانہ کم از کم سات گھنٹے آن لائن گزارتے ہیں جبکہ موبائل ڈیٹا کا اوسط ماہانہ استعمال فی کس 53 گیگا بائٹس (جی بی) تک پہنچ گیا ہےجو کہ عالمی اوسط سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
فائیو جی نیٹ ورک پر اوسط ڈاؤن لوڈنگ سپیڈ 320 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی جبکہ لیٹنسی 24 ملی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔
فکسڈ انٹرنیٹ کی اوسط ڈاؤن لوڈ سپیڈ 120.4 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 151 ایم بی پی ایس ہوگئی جبکہ اپ لوڈ سپیڈ 73 ایم بی پی ایس تک پہنچ گئی اور لیٹنسی 8 ملی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔ مملکت میں مجموعی انٹرنیٹ ڈیٹا ٹریفک چھ کروڑ 90 لاکھ ٹیرا بائٹس تک پہنچ گئی جس میں سے 56 فیصد مقامی اور 44 فیصد بین الاقوامی ٹریفک شامل تھی۔
رپورٹ میں روزمرہ کی زندگی میں ڈیجیٹل خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ تقریباً 45.2 فیصد انٹرنیٹ صارفین نے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کا استعمال کیا جو پچھلے سال کے مقابلے دو گنا سے بھی زیادہ ہے اور اس کیٹیگری میں چیٹ جی پی ٹی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپلی کیشن رہی۔
اس کے علاوہ 96 فیصد انٹرنیٹ صارفین نے سرکاری ای سروسز تک رسائی حاصل کی جبکہ 85.9 فیصد نے آن لائن بینکنگ کی خدمات استعمال کیں اور 76.9 فیصد نے آن لائن شاپنگ کی۔
رپورٹ میں روزمرہ کی زندگی میں ڈیجیٹل خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو بھی نمایاں کیا گیا ہے (فوٹو: سعودی انٹرنیٹ رپورٹ 2025)
رپورٹ کے مطابق آن لائن خریداریوں میں کپڑوں اور جوتوں کا حصہ 87.7 فیصد رہا۔
واٹس ایپ 92.7 فیصد استعمال کی شرح کے ساتھ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم رہا جس کے بعد سنیپ چیٹ 83.6 فیصد اور ٹک ٹاک 77 فیصد پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کھیلے جانے والے آن لائن گیمز میں اوسط لیٹنسی میں 89 فیصد بہتری آئی ہے۔ انٹرنیٹ ڈیٹا ٹریفک میں سب سے بڑا حصہ ریاض ریجن کا 30.6 فیصد رہا جس کے بعد مکہ ریجن 20.5 فیصد اور شرقیہ ریجن 16.8 فیصد پر رہا۔
صارفین کے درمیان آئی پی وی سِکس کا فعال استعمال 67 فیصد تک پہنچ گیا جبکہ تقریباً 200 سعودی اٹانومس سسٹم نمبرز آن لائن رجسٹرڈ کیے گئے۔
اس پیشرفت سے مملکت کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مسلسل ترقی کی عکاسی ہوتی ہے (فوٹو: سعودی انٹرنیٹ رپورٹ 2025)
یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سعودی عرب نے حال ہی میں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے 2026 آئی سی ٹی ڈیویلمپنٹ انڈیکس میں 159 معیشتوں کے درمیان پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔