سب میرین کیبل میں خرابی سے پاکستان میں انٹرنیٹ متاثر، پی ٹی اے کا ’ڈربس‘ سسٹم بھی چار روز کے لیے بند کرنے کا اعلان
جمعرات 2 جولائی 2026 22:11
پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو آئندہ چند روز کے دوران سروسز میں سست روی اور موبائل رجسٹریشن کے پورٹل کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نےجمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ایک طرف بین الاقوامی سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے تو دوسری جانب موبائل فونز کی رجسٹریشن کا حامل ’ڈربس‘ (DIRBS) سسٹم بھی اپ گریڈیشن کے لیے عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔
سب میرین کیبل میں خرابی
پی ٹی اے کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم (SEA-ME-WE 5) میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
اس خرابی کے نتیجے میں متعدد صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس‘ اس وقت عالمی کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی بنیادی وجہ جاننے اور اسے ٹھیک کرنے کے متوقع وقت کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پی ٹی اے نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ صارفین کی سہولت اور انٹرنیٹ کی فراہمی کو ممکن حد تک برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
’اتھارٹی متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔‘
موبائل رجسٹریشن پورٹل (DIRBS) چار روز کے لیے بند
انٹرنیٹ کی سست روی کے ساتھ ساتھ پی ٹی اے نے موبائل صارفین اور کمرشل امپورٹرز کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ چار روز تک اپنے موبائل فونز رجسٹرڈ نہیں کروا سکیں گے۔
اتھارٹی اپنے داخلی سطح پر تیار کردہ ’ڈیوائس ائیڈنٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم‘ (DIRBS) کو اپ گریڈ کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں شہریوں اور تجارتی اداروں کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
اس شیڈولڈ اپ گریڈیشن کے باعث 'ڈربس' کا آفیشل پورٹل (dirbs.pta.gov.pk) اور اس سے منسلک تمام سروسز 3 جولائی 2026 کی شام 5 بجے سے لے کر 6 جولائی 2026 کی صبح 4 بجے تک مکمل طور پر غیر فعال رہیں گی۔
پی ٹی اے نے اس اہم تکنیکی کام کے دوران صارفین اور کاروباری اداروں سے تعاون اور پیشگی معذرت کی ہے۔
