سعودی عرب کی اُردن پر ایرانی حملوں کی مذمت، سپورٹ کا اعادہ
جمعرات 30 جولائی 2026 18:35
وزارت خارجہ نے حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے اردن کے خلاف جاری ایران کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اردن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں ایرانی حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اردن کی جانب سے اس کے خلاف اٹھائے گئے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے اردن اور خطے کے دیگر ملکوں کے خلاف صریح ایرانی حملوں کو فوری طور پر روکنے کی اہمیت، پور ے خطے اور اس کے عوام کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
قطر نے بھی اردن اور کویت پر نئے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی اور انہیں دونوں ملکوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
قطر کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’مسلسل حملے کشیدگی کے خطرناک حد تک بڑھنے کی نشاندہی کرتے ہیں، جو کشیدگی پر قابو پانے کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ، علاقائی سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے سیاسی اور سفارتی اقدامات کو کمزور کر سکتے ہیں۔‘‘
قطر نے اردن اور کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی، دونوں ملکوں کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
