گورنر مدینہ کی ہدایت پر’مدینہ کھجور میلے‘ کی مدت میں توسیع
گورنر مدینہ کی ہدایت پر’مدینہ کھجور میلے‘ کی مدت میں توسیع
ہفتہ 1 اگست 2026 18:41
مختلف ممالک سے آنے والے زائرین بھی میلے میں دلچسپی لے رہے ہیں(فوٹو،ایکس اکاؤنٹ)
مدینہ منورہ کھجورفیسٹیول 2026 کی عوامی مقبولیت کے پیشِ نظر گورنر مدینہ اور کھجورکے شعبے کی ترقیاتی کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز نے میلے کی مدت میں 4 اگست تک کے لیے توسیع کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق مدینہ منورہ کا مشہور کھجور میلہ مرکزی منڈی میں گزشتہ ہفتے سے جاری ہے، جس میں بڑی تعداد میں یومیہ بنیادوں پرلوگ شرکت کررہے ہیں۔
میلے میں کھجوروں کی صنعت اور نخلستانوں کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کی جارہی ہیں جن سے نہ صرف کھجوروں کی صنعت سے وابستہ بلکہ شہرِ مقدس میں موجود زائرین بھی مستفیض ہو رہے ہیں۔
میلے میں بچوں کی دلچسپی کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
کھجورمیلے کے اوقات شام 5 سے رات 11 بج کر 30 منٹ تک ہیں، اس دوران میلے میں آنے والوں کو مدینہ منورہ کی معروف کھجوروں کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی جاتی ہیں بلکہ ان کی صنعت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
مدینہ کھجور میلے میں نہ صرف کھجوروں کی اقسام کا تعارف پیش کیا جارہا ہے بلکہ زائرین کی دلچسپی کے لیے مختلف معلوماتی پروگرامز بھی منعقد کیے جاتے ہیں، بچوں کے لیے میلے میں خصوصی کارنر بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ کافی شاپس اورریسٹورانٹس بھی موجود ہیں۔