’بالتمر ابرک‘ کھجور اور اس کی مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مہم
سعودی وزیرماحولیات، پانی و زراعت اور نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین انجینئر عبدالرحمن الفضلی نے ریاض میں کھجور کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ’بالتمر ابرک‘ کے عنوان سے مہم کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مہم کا مقصد ثقافتی ثقافت و شناخت کو اجاگر کرتے ہوئے کھجور اور اس سے بنی ہوئی اشیا کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
’بالتمر ابرک‘ کی اصطلاح عام طور پر اہل عرب میں مہمانوں کی تکریم اور انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ’بالتمرابرک‘ یعنی ’کھجور سے برکت حاصل کریں‘۔
نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کا کہنا ہے مہم ہوٹلز، کافی شاپس اور بیکریوں میں بھی شروع کی جائے گی، تاکہ وہ کھجوروں سے بنی ہوئی اشیا بڑے پیمانے پر متعارف کرا سکیں۔

مہم کے تحت 200 سے زائد مقامی طور پر کھجور کی ریسیپیز کے ہینڈبلز اور کتابچے بھی تیار کیے جائیں گے جنہیں ہوٹلوں اور کافی شاپس میں رکھا جائے گا جہاں کھجور سے بنی ہوئی اشیائے خور و نوش فروخت کی جاتی ہیں۔

واضح رہے گزشتہ برس مملکت میں کھجور کی پیداوار 1.9 ملین ٹن سے زائد تھی۔ جاری اعداد وشمار کے مطابق مملکت میں کھجور کے درختوں کی تعداد 37 ملین تجاوز کرچکی ہے۔
