سعودی عرب میں آثارِ قدیمہ کی ایک ہزار 173 نئی سائٹس کا اندراج
رجسٹرڈ آثار قدیمہ سائٹس کی کل تعداد بڑھ کر 14 ہزار164 ہو گئی ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی ہیریٹج کمیشن نے نیشنل اینٹیکوئٹی رجسٹر میں آثارِ قدیمہ کی ایک ہزار 173 نئی سائٹس کا اندراج کیا ہے، مملکت میں رجسٹرڈ آثار قدیمہ سائٹس کی کل تعداد بڑھ کر 14 ہزار164 ہو گئی ہے۔
رجسٹر میں جن نئی سائٹس کا اندارج کیا گیا، ان میں مدینہ ریجن میں 388، تبوک 209، نجران 186، الجوف 131، حائل 130، مکہ 87 اور الباحہ میں 42 سائٹس شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق آثار قدیمہ کی سائٹس کا اندراج، نوادرات، عجائب گھروں اور شہری ورثے کے قانون کے نفاذ کے بعد کیا جا رہا ہے۔
کمیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک فیصلے کے ذریعے ادارے کے سی ای او کو ورثے اور آثار قدیمہ کے مقامات کو رجسٹر کرنے اور ان کے تحفظ کا اختیار دیا ہے۔
نیشنل اینٹیکوئٹی رجسٹر میں اندراج ان مقامات کو قانونی تحفظ فراہم کرنے، ریسرچ اور سائنسی مطالعات کو منظم کرنے کے ساتھ مملکت کے بھر پور تہذیبی ورثے کی نمائش کے لیے قومی کوششوں کو سپورٹ کرتا ہے۔

ہیریٹج کمیشن نے شہریوں اور مقامی رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ ایسی تمام سائٹس یا سرگرمیوں کے بارے میں ’بلاغ پلیٹ فارم‘، سوشل میڈیا یا یونیفائڈ سکیورٹی آپریشن سینٹر کو اطلاع دیں جس سے ان کے تحفظ کو خطرہ ہو۔
