الباحہ سمر سیزن کے دوران ’الشلال پارک‘ کی مقبولیت بڑھ گئی
پارک کی خاص بات ’غابہ خیرہ‘ آبشار سے متصل قدرتی مقام ہے( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ سمر سیزن کے دوران بنی حسن کمشنری میں واقع ’الشلال پارک‘ اپنی منفرد تفریحی سہولتوں کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق الشلال پارک میونسپلٹی کے نمایاں تفریحی منصوبوں میں شامل ہے۔ پارک کی خاص بات یہاں موجود ’غابہ خیرہ‘ آبشار سے متصل قدرتی مقام ہے، جہاں سرسبز ماحول کے ساتھ سہولتیں اور خدمات تفریح کے لیے ایک موزوں ماحول فراہم کرتی ہیں اور خطے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں۔
یہ پارک پرنس مشاری پارک کے قریب واقع ہے، دونوں مقامات ’بنی حسن‘ کمشنری میں بہترین سیاحتی اور تفریحی مرکز کی صورت اختیار کرگئے ہیں۔
پارک کا مجموعی رقبہ 22 ہزار مربع میٹر ہے، جس میں 7 ہزار مربع میٹر پر سبزہ زار ہے ۔ پارک میں 9 نشست گاہیں، ایک آبشار دوجھیلیں اور بچوں کے لیے مخصوص پلے لینڈ بھی موجود ہے۔
جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے 800 میٹر طویل واکنگ ٹریک خصوصی طور پر بنا یا گیا ہے اس کے علاوہ 50 گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی سہولت ہے۔

پارک کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے منصوعی نہریں اس طرح بنائی گئی ہیں کہ انہیں دیکھ کر اصل نہروں کا گمان ہوتا ہے جو وزیٹرز کو خوشگوار تفریح کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
میونسپلٹی کے مطابق شلال پارک میں انفرا سٹرکچر اور عوامی سہولتوں کی مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے، وزیٹرز کے لیے فوڈ کارنر بھی موجود ہے۔
