Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ کے ہنرمند جو نسلوں سے پتھروں کو تراش کر ورثہ تعمیر کر رہے ہیں

الباحہ ریجن میں جاری نویں الاطاولہ فیسٹیول میں پتھروں سے مکانات کی تعمیر کے لائیو مظاہرے کے ذریعے علاقے کے تعمیراتی ورثے کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
یہ فیسٹیول میں آنے والوں کو ایک دلکش تجربہ پیش کرتا ہے۔ ہنرمند کاریگر روایتی پتھر کی دیوار کی تعمیر کے ہر مرحلے میں  مقامی پتھر کا استعمال کرتے ہوئے لائیو مظاہرے پیش کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ماہرین مقامی پتھروں کا انتخاب کرنے کے بعد انہیں تراشتے ہیں۔ مناسب انداز میں ترتیب دے کر ان پتھروں سے دیوار بنائی جاتی ہے۔
وزیٹرز فیسٹیول میں پتھروں کو روایتی دستی اوزاروں سے تراشنے اور تعمیر کے لیے تیار کرنے کے عملی مظاہرے میں دلچسپی لے رہے  ہیں۔
اس کے علاوہ روایتی دستی اوزاروں کا استعمال کرتے ہوئے پتھر پر نقش و نگار کے مظاہرے بھی پیش کیے گئے جو کاریگروں کی مہارت کو ظاہر کرتے ہیں۔

 کاریگروں کا کہنا تھا پتھر سے تعمیر کا یہ طریقۂ کار نسل درنسل منتقل ہوتا آیا ہے۔ اس میں بہت سے عوامل شامل ہیں۔ پہلے تعمیر کے لیے مناسب ساخت اور حجم کے پتھروں کا انتخاب کیا جاتا ہے پھر انہیں درست انداز میں تراشا جاتا ہے تاکہ پتھروں کو ایک دوسرے کے اوپر جماتے ہوئے دیوار کو مضبوطی سے کھڑا کیا جا سکے۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ اس سرگرمی کو فیسٹیول میں شامل کرنے کا مقصد تعمیراتی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنا، روایتی دستکاریوں کے تحفظ کی حوصلہ افزائی اور الباحہ کے سمر سیزن کے ذریعے علاقے کی ثقافتی شناخت کو نمایاں کرنا ہے۔

 

شیئر: