Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی مکہ میں ملاقات

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ کے قصر الصفا میں ملاقات کی، جو سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم ہاؤس کے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق مکہ مکرمہ آمد پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ اقتصادی شراکت داری، خطے کی تازہ ترین صورتِ حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس اہم ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

عمرے کی ادائیگی

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کے وفد نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، عمرے کے موقع پر پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم، آرمی چیف اور دیگر ارکان نے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے لیے خصوصاً دعائیں کیں۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ساتھ جمعرات کی شام سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جدہ پہنچے تھے، جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز اور اعلیٰ سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا تھا۔

شیئر: