کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی حفظِ قرآن مقابلے کا فائنل مرحلہ اختتام پذیر
جمعرات 13 اگست 2026 20:32
133 ملکوں سے 334 افراد (202 مرد اور 132 خواتین) نے شرکت کی (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف آل شیخ نے جمعرات کو کنگ عبد العزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن، تلاوت و تفسیر کے 46 ویں ایڈیشن کے فائنل مرحلے کے اختتام کا اعلان کیا ہے۔
چھ دن جاری رہنے والے اس مقابلے میں 133 ملکوں سے 334 افراد (202 مرد اور 132 خواتین) نے شرکت کی، چار دہائیوں قبل مقابلے کے آغاز کے بعد شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
فائنل مرحلے میں حفظ، مہارت، تلاوت کے معیار اور کارکردگی کی اعلی سطح تھی قرآن پاک کے مرد اور خواتین حفاظ ایک دوسرے کے مقابل تھے۔
موجودہ ایڈیشن میں مقابلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین نے شرکت کی۔ شفافیت کے ساتھ الیکٹرانک ججنگ سسٹم کو بہتر بنایا گیا ہے۔
ججز پینل میں متعدد ملکوں سے قرآنی علوم کے ماہرین کا انتخاب کا گیا۔ مرد اور خواتین کے الگ الگ ججز پینلز نے تعلیمی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنا کام انجام دیا۔
مقابلے کی اختتامی تقریب بدھ کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں منعقد ہوگی جس میں مقابلے کی پانچ کیٹیگریز میں مرد اور خواتین فاتحین کو انعامات دیے جائیں گے۔

یہ مقابلہ دنیا کے معروف بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں سے ایک ہے جو مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے قرآن پاک حفظ کرنے والوں کو اکھٹا کرتا ہے۔
واضح رہے وزارت نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران مقابلے کو وسعت دی ہے، مختلف زمروں میں فاتحین کی تعداد 12 سے بڑھا کر 50 کر دی گئی جبکہ مجموعی انعامی رقم بڑھا کر 10.26 ملین ریال رکھی گئی ہے۔
اس مقابلے کا مقصد مرد اور خواتین کو حفظ، فہم اور غور و فکر کے ذریعے قرآن پڑھنے کی ترغیب، مثبت مسابقت، نئی نسل کو قران سے جوڑنا اور قرآن کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔
