سعودی عرب کے سکیورٹی ادارے منی لانڈرنگ سے نمنٹے کے لیے متحد ہوگئے
معاہدے کا مقصد مشترکہ کارروائی کے لیے میکنزم تیار کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سکیورٹی (محکمہ امن عامہ) نے منی لانڈرنگ اور اس سے متعلق جرائم سے نمنٹے میں تعاون بڑھانے کے لیے پریذیڈنسی آف سٹیٹ سکیورٹی (ریاستی سلامتی کا اعلی ادارہ) کے تحت فنانشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
ریاض میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنل لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی اور فنانشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد بن عبدالرحمن المھنا نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کا مقصد مشترکہ کارروائی کے لیے میکنزم تیار کرنا، ٹریننگ اور ڈیویلمپنٹ میں تعاون کو فروغ دینا، مالیاتی جرائم سے نمنٹے کے لیے صلاحیتوں کو مضبوط کرنا، کو آرڈینیشن کے ساتھ معلومات اور مہارت کے تبادلے کو بڑھانا ہے۔
یہ اقدام سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان انضمام کو مضبوط بنانے اور جوائنٹ ورک میکنزم تیار کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جس سے منی لانڈرنگ کے خلاف قومی کوششوں، مملکت کی سلامتی اور وسائل کے تحفظ میں مدد ملتی ہے۔
