Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بوئنگ اور ایئربس سے مقابلہ، چین کے تیارکردہ مسافر طیارے کی پہلی کمرشل پرواز مکمل

چین کے سی نائن ون نائن (C919) مسافر طیارے نے اپنی پہلی بین الاقوامی تجارتی پرواز مکمل کر لی ہے۔ اسے چین کی ایوی ایشن کی صنعت کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ کئی دہائیوں سے قائم بوئنگ اور ایئربس کی بین الاقوامی برتری کو چیلنج کرنا چاہتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سی نائن ون نائن ایک سنگل نیرو باڈی مسافر طیارہ ہے، جسے چین کی سرکاری کمپنی کومیک (کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ) نے تیار کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیرو باڈی جیٹ (Narrow-body jet) ایسے مسافر جہاز کو کہا جاتا ہے جس کے اندر مسافروں کے بیٹھنے کے کیبن میں صرف ایک ہی مرکزی گزرگاہ موجود ہوتی ہے۔
سی نائن ون نائن کو بوئنگ 737 اور ایئربس A320 کا ممکنہ حریف سمجھا جا رہا ہے، تاہم امریکہ اور یورپ کے ریگولیٹری اداروں کی جانب سے اس مسافر طیارے کو تاحال پرواز کی اجازت نہیں دی گئی۔
چین کوشش کر رہا ہے کہ مقامی طور پر تیارکردہ یہ مسافر طیارہ غیر ملکی ٹیکنالوجی پر اس کا انحصار کم کرے اور ہوابازی کی بین الاقوامی مارکیٹ میں اسے قدم جمانے کا موقع فراہم کرے۔
بدھ کو ایئر چائنہ کے زیرِ استعمال سی نائن ون نائن طیارے نے دارالحکومت بیجنگ سے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 17 منٹ پر اُڑان بھری اور منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں صبح 4 بج کر 58 منٹ پر لینڈنگ کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ پرواز بیجنگ اور اولان باتور کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر (دن میں ایک مرتبہ) چلائی جائے گی۔
ایک مسافر ہُو یوآن کا کہنا تھا کہ مجھے چین میں تیار کیے گئے اس جہاز  پر بین الاقوامی سفر کرنے پر فخر کا احساس ہو رہا ہے۔ 
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں چینی طیارے نہ صرف مزید آرام دہ ہوں گے بلکہ مسافروں کا ان پر اعتماد بھی بڑھے گا اور یہ بوئنگ اور ایئربس کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
اگرچہ سی نائن ون نائن چین میں مقامی طور پر تیار کیا جا رہا ہے، تاہم ِاس کے بعض پُرزے امریکہ سمیت دیگر ممالک سے درآمد کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سی نائن ون نائن نے اپنی پہلی مقامی تجارتی پرواز مئی 2023 میں شنگھائی سے بیجنگ کے درمیان مکمل کی تھی۔ 
اس کے بعد سے یہ طیارہ چین کے اندر مختلف تجارتی پروازوں اور ملک کے مرکزی علاقوں اور ہانگ کانگ کے درمیان بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔
چینی کمپنی کومیک نے سی نائن ون نائن کو 2024 اور 2026 کے سنگاپور ایئر شو اور 2025 کے دبئی ایئر شو میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا تھا۔
چینی کمپنی کومیک پہلے ہی اپنے چھوٹے سی نائن ون نائن طیاروں کے ذریعے غیر ملکی مارکیٹ میں قدم رکھ چکی ہے۔چھوٹے سی نائن ون نائن جہاز  میں 78 سے 97 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔

شیئر: