مارکیٹنگ اور سرمایہ کاری: قصیم کیمل آکشن میں 60 ہزار وزیٹرز، 15 ملین ریال کی ریکارڈ فروخت
ابتدائی دنوں میں 15 ملین ریال سے زائد کی فروخت ریکارڈ کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن کے مدرج سینٹر میں ’مدرج کیمل آکشن‘ کے آغاز کے بعد سے اب تک 60 ہزار سے زائد افراد کو متوجہ کیا ہے۔
قصیم میونسپلٹی کے زیرِ اہتمام اس ایونٹ کا انعقاد گورنر شہزادہ فیصل بن مشعل بن سعود کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔
میونسپلٹی کے سرکاری ترجمان نایف عبدربہ النفیعی نے بتایا کہ 10 روزہ ایونٹ نے ریاض، مدینہ، تبوک، الشرقیہ اور طائف سمیت مملکت بھر سے اونٹوں کے مالکان اور شائقین کو متوجہ کیا ہے۔
اس نیلامی میں سہولتوں، خدمات اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کا ایک جامع نظام موجود ہے جو ایونٹ کے انعقاد اور میزبانی کے حوالے سے خطے کی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹرن آؤٹ کے باعث قصیم میں اونٹوں کی نیلامی اب خرید و فروخت سے آگے بڑھ کر مارکیٹنگ اور سرمایہ کاری کے مواقع میں بدل گئی ہے۔

مدرج کیمل آکشن ایک ایسا منفرد تجربہ فراہم کرتی ہے جو اونٹوں کی نیلامی کے روایتی ماڈل سے کہیں آگے ہے۔
یہ اس شعبے سے متعلق خدمات اور کاروبار کو متحرک کرنے اور اس کے اقتصادی اثرات کو بڑھانے میں معاون ہے جس کے ساتھ مقامی ورثے کے ایک اٹوٹ حصے کے طور پر اونٹوں کی حیثیت کو برقرار رکھتی ہے۔
یہ ایونٹ علاقے میں کیمل آکشن سیکرٹریٹ کی سرگرمیوں کا حصہ ہے جس کا مقصد اونٹ کی نیلامی کے عمل کو جدید بنانا اور خطے میں اس کے معاشی، سماجی اور ثقافتی کردارکو مزید مستحکم کرنا ہے۔

’مدرج کیمل آکشن‘ نے قصیم ریجن میں اقتصادی طور پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں، نیلامی کے ابتدائی دنوں میں 15 ملین ریال سے زائد کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
ایک اوٹنی 8 لاکھ ریال جبکہ ایک اونٹ 6 لاکھ ریال میں فروخت کیا گیا ہے۔
