مصنوعی ذہانت کا دور: سعودی عرب میں سمارٹ اونٹ انڈسٹریل سٹی کا منصوبہ
ہفتہ 25 جولائی 2026 19:19
العلیا کمشنری میں 11 ارب ریال سے زائد کی سرمایہ کاری سے قائم کیا جائے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قریہ العلیا کمشنری میں 11 ارب ریال سے زائد کی سرمایہ کاری سے سمارٹ اونٹ انڈسٹریل سٹی قائم کیا جائے گا۔
الاقتصادیہ کے مطابق سمارٹ انڈسٹریل سٹی کا منصوبہ محض اونٹ پالنے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس کے تحت دودھ، گوشت، جلد، اون اور چارے کی پیداوار کے ساتھ میڈیسن، ویکسین، سائنسی تحقیق اور ماحولیاتی سیاحت کے شعبوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
منصوبے میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ ہر اونٹ کی نگرانی کے لیے جدید ترین ٹریکنگ ڈیوائس اور ڈیجیٹل ٹوئن سسٹم کا استعمال ہوگا۔
سمارٹ سٹی کے تحت اونٹوں کو الیکٹرانک پاسپورٹ بھی جاری کیے جائیں گے، جن میں مالک کے بارے میں معلومات، اونٹ کا میڈیکل ریکارڈ اور جینیاتی معلومات محفوظ ہوں گی۔
تحقیقی شعبے میں مملکت ’تریاق‘ پلیٹ فارم سے استفادہ کرے گی، جہاں مصنوعی ذہانت کی مدد سے اونٹوں کا جینوم (جینز کا مکمل مجموعہ جس میں اونٹ کی جسمانی خصوصیات وغیرہ معلوم کی جاسکتی ہیں) کا مطالعہ کیا جائے گا۔

ان میں موجود نینو اینٹی باڈیز کو مستقل کی ادویات اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا، جس سے مملکت حیاتیاتی جدت کے میدان میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر سکے گا۔
سمارٹ سٹی میں اونٹوں کا خصوصی ہسپتال، تحقیقاتی مرکز، نسل کو بہتر بنانے کے لیے جینیاتی بینک، دودھ، گوشت، سیرم اور ویکسین تیار کرنے کے کارخانے، عجائب گھر اور اونٹوں کی سائنس سے متعلق خصوصی اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی۔

مجوزہ منصوبہ ایک کروڑ 50 لاکھ مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد اونٹوں کے شعبے مںی ویلیو چین کو مضبوط بنانا اور جدید بنیادی ڈھانچے کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
