باب المکہ مارکیٹ میں قدیم جدہ کی تجارتی روایت آج بھی زندہ
باب المکہ مارکیٹ، جدہ کی معروف و مشہور تاریخی مارکیٹوں میں سے ایک ہے جو شہر کے شاندار تجارتی ورثے کی جیتی جاگتی تصویر اور شاپنگ کا ایسا تجربہ پیش کرتی ہے جو اصل روایتی رنگ اور متنوع مقامی پروڈکٹس کا ایسا امتزاج ہے جس میں صدیوں کی تاریخی شناخت محفوظ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدہ تاریخیہ کے عین وسط میں واقع یہ مارکیٹ ایسے بڑے چوراہے پر واقع ہے جہاں سے دائیں بائیں کُھلے اور تنگ دونوں طرح کے راستے نکلتے ہیں۔ ان راستوں پر چل کے آگے نکل جائیں تو درجنوں کی تعداد میں دکانیں ہیں جہاں پرفیوم، مسالے، خشک میوے، گِریاں اور روایتی کاسمیٹِکس فروخت ہو رہے ہوتے ہیں۔
اِس کے علاوہ اِن دکانوں پر ہاتھوں سے بنی اشیاء، ورثے کے کپڑے، اور وہ مقامی مصنوعات ہیں جو علاقے کے ثقافتی ورثے کی ترجمان ہیں۔
یہ مارکیٹ ایسا انٹرایکٹیو تجربہ پیش کرتی ہے جہاں آنے والے راویتی مہارتیں سیکھتے ہیں اور مقامی دستکاروں اور فروخت کندگان سے اُن کا براہِ راست میل جول ہوتا ہے۔
یہاں کی فضا سعودی مہمان نوازی اور مقامی کمیونٹی کی تاریخی شان کی بہترین عکاسی کرتی ہے۔