Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: بین الاقوامی مسافروں کے لیے 14 ستمبر سے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد نادرا کے سوا کوئی بھی دوسرا ویکسینیشن کارڈ قابلِ قبول نہیں ہو گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے حج و عمرہ کے زائرین سمیت تمام بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا کے انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف کو 14 ستمبر 2026 سے لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسرز کی جانب سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق 14 ستمبر کے بعد نادرا کے مربوط ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کے لیے پولیو، میننجائٹس، یلو فیور اور انفلوئنزا سمیت تمام ضروری ویکسینز کا ریکارڈ نادرا کے مرکزی نظام میں درج ہونا لازمی ہو گا۔
اس مقصد کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز مقرر کیا گیا ہے جہاں سے زائرین اور مسافر اپنا ڈیجیٹل کارڈ حاصل کر سکیں گے۔
تمام ایئرلائنز اور ٹریول ایجنٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بورڈنگ سے قبل مسافروں کے نادرا انٹیگریٹڈ ویکسینیشن پروف کی مکمل تصدیق کریں۔
حکام کے مطابق جن مسافروں نے ایئرپورٹ پر ویکسینیشن کروانی ہو، انہیں پرواز کی روانگی سے کم از کم 6 گھنٹے قبل پہنچنا ہو گا جہاں آن لائن اندراج کی سہولت بھی میسر ہو گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد نادرا کے سوا کوئی بھی دوسرا ویکسینیشن کارڈ قابلِ قبول نہیں ہو گا۔
اہم نکات 
۔ 14 ستمبر 2026 سے نادرا ڈیجیٹل کارڈ کے بغیر بین الاقوامی سفر پر پابندی۔
 ۔ ویکسینیشن اور اندراج کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری کا تعین۔
 ۔ پولیو، میننجائٹس، یلو فیور اور انفلوئنزا کا ڈیٹا نادرا سسٹم میں ہونا ضروری۔ موقعے پر ویکسین لگوانے والے مسافروں کو 6 گھنٹے پہلے پہنچنے کی ہدایت۔

شیئر: