ترکی آل الشیخ مسلسل تیسری مرتبہ باکسنگ کی دنیا میں سب سے با اثر شخصیت
اتوار 13 ستمبر 2026 20:21
برطانوی جریدے ’باکسنگ نیوز‘ نے 2026 کے لیے فہرست جاری کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور سعودی باکسنگ فیڈریشن کے صدر ترکی آل الشیخ نے برطانوی جریدے ’باکسنگ نیوز‘ نے 2026 کی رینکنگ میں 50 با اثر شخصیات میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترکی آل الشیخ نے مسلسل تیسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
یہ رینکنگ حالیہ برسوں کے دوران عالمی باکسنگ میں ان کے با اثر کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے باکسنگ کی بڑی فائٹس کے انعقاد میں کردار ادا کیا، بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں معروف باکسنگ سٹارز کو ایک ساتھ لانے میں مدد کی۔ اس انڈسٹری سے وابستہ ممتاز پروموٹرز اور تنظیموں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔
اس بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث ریاض دنیا کے معروف باکسنگ مقامات میں سے ایک بن گیا ہے۔ دنیا بھر سے مشہور باکسر اور باکسنگ کے شوقین ریاض کا رخ کرنے لگے ہیں۔
اس کے ساتھ ریاض سیزن کی بین الاقوامی سپورٹس کی سطح پر مقبولت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
’باکسنگ نیوز‘ دنیا کے سب سے پرانے جریدوں میں سے ایک ہے جو باکسنگ کے شعبے میں مہارت رکھتا ہے۔
اس جریدے کی شروعات 1909 میں برطانیہ سے ہوئی۔ یہ جریدہ ہرسال بی این 50 کی فہرست جاری کرتا ہے اس میں باکسنگ کی دنیا میں سب سے با اثر شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے۔
یاد رہے چند برسوں میں سعودی عرب باکسنگ کے تاریخی مقابلوں کے لیے سب سے اہم مرکز بن گیا ہے۔ مشرق و مغرب کے شائقین یکساں طور پر ان مقابلوں کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔
ترکی آل الشیخ کی میگا ایونٹس کو سعودی عرب میں لانے کی کاوشوں سے باکسنگ اپنے روایتی مراکز لاس ویگاس اور لندن سے نکل کر ریاض، جدہ اور الدرعیہ جیسے نئے مقامات پر منتقل ہوئی۔
اب سعودی عرب دنیا بھر کے سٹارز، شائقین اور کھیلوں کے فیصلہ سازوں کے لیے سب سے پرکشش منزل بن چکا ہے۔
