Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری اب امریکی ’گلوبل انٹری‘ پروگرام کے اہل ہیں

سعودی شہری مخصوص راستوں سے فاسٹ امیگریشن مکمل کرسکیں گے ( فوٹو: ایس پی اے)
واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے نے امریکی گلوبل انٹری پروگرام میں سعودی شہریوں کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مملکت اور امریکہ کے درمیان دیرینہ سٹریٹیجک شراکت داری میں ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔
سفارتخانے نے کہا کہ یہ معاہدہ خصوصا سکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور سفری سہولت میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد کی گہرائی اور قریبی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ عوام سے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی جانب ایک ٹھوس قدم ہے۔
ایس پی اے کے مطابق امریکہ جانے والے سعودی شہری اب ’گلوبل انٹری‘ کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔
 سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اطلاع کے حوالے سے بتایا گیا امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن ایجنسی کے ’گلوبل انٹری‘ پروگرام کے تحت ضروری شرائط پوری کرنے اور منظوری کے بعد (سعودی) مسافر امریکہ میں داخلے کے لیے مخصوص راستوں سے (فاسٹ امیگریشن) مکمل کرسکتے ہیں۔
فاسٹ ٹریک امیگریشن پروگرام میں شمولیت کے خواہشمند سعودی شہری ابتدائی شرائط پوری کرنے پر سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ اس پروگرام میں شمولیت کی مدت 5 برس تک ہو گی۔
پروگرام میں شامل سعودی شہری گلوبل انٹری کے ساتھ ٹی ایس اے پری چیک سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ پروگرام امریکہ کے 200 سے زائد ایئرپورٹس پر دستیاب ہے اور اس میں 80 سے زیادہ فضائی کمپنیاں شامل ہیں۔

 

شیئر: