ایران کو ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کے لیے نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا: قطر
منگل 27 اکتوبر 2026 18:59
پیر کو سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے بھی تہران میں ایرانی عہدیداروں سے ملاقات کی (فوٹو: اے ایف پی)
قطر نے منگل کو کہا ہے کہ ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کے لیے ایران کو نیک نیتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
برطانوی خبر ررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ بیان قطر کے ایک وفد کے اس ہفتے تہران کے دورے کے بعد سامنے آیا جس کا مقصد امریکہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے علاقائی کشیدگی کو کم کرنا تھا۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران کو اپنی نیک نیتی ثابت کرنے کے لیے خلیجی عرب ریاستوں کے خلاف دھمکیاں بند کرنی چاہئیں اور آبنائے ہرمز کو جہاز رانی کے لیے کھول دینا چاہیے۔
قطر، پاکستان کے ساتھ مل کر واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثی کر رہا ہے تاکہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے جس نے عالمی جہاز رانی اور تیل کی ترسیل کو متاثر کیا ہے اور اس کے اثرات مشرق وسطیٰ کے دیگر حصوں تک پھیل چکے ہیں۔
پیر کو سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے بھی تہران میں ایرانی عہدیداروں سے ملاقات کی تاکہ تنازعے میں کمی لائی جا سکے۔ یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئیں جب یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب پر نئے حملے کیے اور مصر نے مملکت کو دفاعی معاونت فراہم کرنے کی منظوری دی۔
واشنگٹن اور تہران کے درمیان حالیہ عرصے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو کہا تھا کہ امریکا ایران پر دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔
ایرانی سیکیورٹی حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ تہران نے خلیج میں زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز کو نشانہ بنانے کے تفصیلی منصوبے تیار کر لیے ہیں، جنہیں اس صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے اگر امریکہ اور اسرائیل دوبارہ ایران پر حملہ کرتے ہیں۔
