Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: تباہ کیے جانے والے حوثی میزائلوں کا ملبہ گرنے سے املاک کو نقصان

ریاض میں دو جبکہ الشرقیہ میں تین بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ منگل کو ریاض میں حوثی بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک عمارت، تعمیراتی سائٹ اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سول ڈیفنس کے ترجمان نے کہا ریاض میں دو بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسیپٹ کیے جانے کے بعد گرنے والے ملبے کے واقعے پر کارروائی کی۔
ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے معیاری طریقہ کار کو نافذ کیا گیا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
  یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے ترجمان نے بتایا حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی سمت داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کردیا جبکہ سعودی ایئر ڈیفنس نے مشرقی صوبے کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو بھی مار گرایا۔
ترجمان نے کہا جنوبی سعودی عرب میں فضائی دفاعی نظام نے علاقے کو نشانہ بنانے والے چار ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔
سعودی عرب نے میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کو ایسے وقت میں ناکام بنایا جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے خطے کے اعلیٰ حکام ایران میں مذاکرات کے لیے جمع ہوئے۔
ایران کی حمایت یافتہ یمن کے حوثی باغی بحیرۂ احمر کے راستے سعودی تیل کی برآمدات کی ناکہ بندی کا اعلان کرنے کے بعد مملکت پر حملے کر رہے ہیں۔
سعودی عرب یمنی افواج کی حمایت کر رہا ہے جو حوثی باغیوں کے قبضے سے علاقے واپس لینے کے لیے لڑ رہی ہیں۔ باغیوں کا مقصد آبنائے باب المندب میں بحری آمد و رفت پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

 

شیئر: