حوثی ڈرون کا ملبہ گرنے سے سعودی عرب کے شہر طائف میں یمنی شہری ہلاک
جمعرات 17 ستمبر 2026 16:46
اس واقعے میں واقعے میں متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شہر طائف میں حوثی باغیوں کا ڈرون حملہ، سعودی سیکورٹی فورسز نے فضا میں ڈرون مار گرایا ، ڈرون کا ملبہ گرنے سے یمنی شہری جاں بحق جبکہ ایک سعودی اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہو گیا۔
سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس کے ترجمان کے مطابق طائف میں شہری دفاع کو ایک ڈرون کے گرنے کی اطلاع موصول ہوئی جسے متعلقہ حکام نے مداخلت کرکے تباہ کیا تھا۔
عرب نیوز نے سعودی سول ڈیفنس کے ترجمان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ڈرون کو حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے لانچ کیا گیا تھا۔
ڈرون کے گرنے کے نتیجے میں یمنی شہریت رکھنے والا ایک رہائشی ہلاک جبکہ ایک سعودی اور ایک پاکستانی شہری شدید زخمی ہوا۔
واقعے میں متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سعودی شہری دفاع کے مطابق واقعے کے بعد حفاظتی اور ہنگامی اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا۔
