خلیجی ریاستوں کی مدینہ پاور سٹیشن پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت
امارات، بحرین اور کویت نے الگ الگ بیانات جاری کیے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
خلیجی ریاستوں نے جمعرات کو مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے ایک سٹیشن پر حوثیوں کے ڈورن حملے کی شدید مذمت اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا ہے۔
متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت نے حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے الگ الگ بیانات جاری کیے۔
امارات کی وزارت خارجہ نے اس حملے کو سعودی عرب کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی، مملکت کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔
بیان میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی، ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے مملکت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
بحرین کی وزارت خارجہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اور انسانی قانون کی خلاف ورزی اور اسلامی مقدس مقامات سے متعلق ایک ’خطرناک کشیدگی‘ قرار دیا۔
وزارت نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام بحرین کی قومی سلامتی کا لازمی جز ہے۔ ریاض کی جانب سے اپنی خود مختاری، شہریوں اور مقیمین کے تحفظ کے لیے اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ شہری انفرا سٹرکچر اور مذہبی مقامات ہر حوثیوں کے بار بار ہونے والے حملوں کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرے۔
کویت نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سول انفرا سٹرکچر کو بار بار نشانہ بنانا سعودی عرب کی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں کویت کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ مملکت کی سلامتی کویت اور وسیع تر خلیج تعاون کونسل کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔
